اسلام آباد (پاکستان ایکسپریس ورلڈ نیوز):صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کمانے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے جدت اور تخلیقی صلاحیتوں پر توجہ دینی ہوگی۔
اسلام آباد ایسوسی ایشن آف پرنٹنگ اینڈ گرافک آرٹس انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر کاروبار میں آسانی اور ہموار سفر کے لئے تنظیم کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ تاجر کاروبار کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ٹیکس ادا کر کے قومی معیشت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، انہیں کاروبار دوست پالیسیوں کی تشکیل کے لئے حکومتی اداروں میں پالیسی سازی اور فیصلہ سازی میں بھرپور نمائندگی دی جائے۔نو منتخب صدر اسلام آباد ایسوسی ایشن آف پرنٹنگ اینڈ گرافک آرٹس انڈسٹری شیر محمد نے کہا کہ ان کی تنظیم کمیونٹی اور ملک کے مفاد کے لئے اندرون و بیرون ملک تجارت کے فروغ کے لئے اسلام آباد چیمبرکے ساتھ ہم آہنگی کے لئے پرعزم ہے۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجر برادری آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں متحد ہے جو کمیونٹی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد چیمبر کے پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے مسائل حل کریں۔
تقریب سے صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن G8/1 ناصر چوہدری، جنرل سیکرٹری IAPGAI آصف بھٹی اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ تاجروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سابق ایس وی پی آئی سی سی آئی خالد چوہدری، بابر چوہدری، امتیاز عباسی، ملک ندیم اور اظہر اقبال ملک بھی موجود تھے۔
جواب دیں